Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمران خان کی حکومت میں جینا اور مرنا محال ہوگیا ہے، عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ  عمران خان کی حکومت میں جینا اور مرنا محال ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور پٹرول کی قیمت میں اضافے کی مذمت کرتی ہوں۔

مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہر 15 روز بعد عوام پر پٹرولیم بم گرادیا جاتا ہے، پٹرول کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان عوام کو بہا لے جائے گا، وزیراعظم عمران خان صاحب آپ نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کریں، پاکستان میں خودکشی کے رحجان میں پانچ فیصد اضافہ ہوا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بجلی فی یونٹ 11 روپے تھا تو عمران خان بجلی کے بل جلاتے تھے، آج ان کے دور حکومت میں بجلی کا یونٹ 23 روپے سے بڑھ گیا۔ ادویات کی قیمت میں 17 فیصد اضافہ کردیا، کہتے ہیں اوپر لے جاؤں گا، سب اوپر چلےجائیں یہ نیچے دندناتے رہیں گے۔

مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ کل خاتون اول نے مینٹل اسپتال کے دورے کیے، جن کو شروع میں تبدیلی کا شوق ہوا تھا ان کا شوق بھی پورا ہوگیا،عمران خان کی حکومت میں جینا اور مرنا محال ہوگیا ہے، خان صاحب کو جس بات کا نہیں پتا ہوتا تو نہیں بولا کریں۔

متعلقہ خبریں