سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں برس میں متعدد عالمی رہنما پاکستان کا دورہ کریں گے، جن میں روسی وزیرتوانائی اور سعودی ولی عہد کے الگ الگ دورے شامل ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان میں اہم عالمی دوروں کا آغاز روسی فیڈریشن کے وزیر توانائی نکولائی شلگنوو ہے جو وفد کے ہمراہ 19 جنوری کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔
نکولائی شلگنوو پاکستان روس بین الحکومتی کمشن برائے تجارت، اقتصادی، سائنسی و تکنیکی تعاون اجلاس کی پاکستانی وزیر اقتصادی امور کے ہمراہ مشترکہ صدارت کریں گے۔ دورے میں روسی وزیر توانائی پاکستانی حکام سے توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، ریلویز پر باہمی تعاون پر بات چیت کریں گے۔
سال 2023 میں پاکستان کا سب سے اہم دورہ سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کا ہوگا جو کہ جون تک متوقع ہے۔
محمد بن سلمان کے ہمراہ ایک اعلی سطح کا وفد بھی پاکستان آئے گا۔ ان کے دورہ پاکستان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اوراس حوالے سے دفتر خارجہ سعودی وزارت خارجہ سے رابطے میں ہے۔
محمد بن سلمان نے گذشتہ برس دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم ان کی مصروفیات کے باعث دورہ ملتوی کیا گیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ترکیہ کے وزیر خارجہ میولت چاوش اولو بھی 2023 میں پاکستان کا دورہ کریں نگے اس دورہ کی حتمی تواریخ پر رابطے جاری ہیں۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے نئے وزیرخارجہ کن گینگ بھی رواں برس پاکستان آئیں گے، ان کے عالمی دوروں کے آغاز میں وہ پاکستان کا دورہ بھی کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق زیادہ ترعالمی رہنما و قائدین جون کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ فی الوقت ملک میں جاری غیر یقینی اور سیاسی تناؤ کی صورتحال میں اکثرعالمی رہنما پاکستان کے دورے سے ہچکچا رہے ہیں۔
زیادہ تر عالمی رہنما ملک میں سیاسی استحکام اور نئے انتخابات کے بعد پاکستان کا رخ کریں گے۔



















