شہر میں اسٹریٹ کرمنلز شہریوں کے لیے مزید خطرے کی علامت بن گئے، موبائل فون چھیننے کے بعد لٹیروں نے ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے خاتون شہری کا بینک اکاؤنٹ بھی صاف کر ڈالا۔
پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک ڈی میں گزشتہ دنوں ایم بی اے کی طالبہ سے ڈاکوٶں نے موبائل فون چھینا، لٹیروں نے چھینے گئے موبائل فون سے ای میل آئی ڈی کے ذریعے بینک اکاؤنٹ اور ایزی پیسہ اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کی۔
مزید پڑھیں: کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز کا راج ، شہری عدم تحفظ کا شکار
پولیس کا کہنا ہے کہ چھینے گئے موبائل فون کو ملزمان نے ان لاک کیا اور ای میل آئی ڈی سے بینک اکاٶنٹ کا پن کوڈ تبدیل کرکے رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کی، متاثرہ طالبہ نے واردات کا مقدمہ نارتھ ناظم آباد تھانے میں درج کرایا ہے۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں گھر سے کلینک جانے کے لئے نکلی تھی، واپس آتے ہوئے موٹرسائیکل سوار ملزمان موبائل فون چھین کر فرار ہوئے۔
متاثرہ طالبہ کا مزید کہنا ہے کہ بینک اکاؤنٹ سے رقم منتقلی کا علم ہوا تو ایف آئی اے میں بھی شکایت درج کرادی، بینک اکاؤنٹ سے سات 7 لاکھ روپے سے زائد رقم نکالی گئی ہے۔



















