Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مریم نواز کا رواں ماہ پاکستان واپس آنے کا امکان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا رواں ماہ پاکستان واپس آنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف اور صدر شہباز شریف کی مشکور ہوں، میں اپنی پارٹی کے ساتھیوں کے ساتھ مل کر میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی رہنمائی میں رہتے ہوئے ان کے وژن کے مطابق انشااللہ مسلم لیگ ن کو منظم اور مضبوط بناوں گی۔

انہوں نے کہا کہ میں پختہ یقین رکھتی ہوں کہ صرف مسلم لیگ ن ہی پاکستان کو اس کی پوری صلاحیت کے مطابق ڈیلیور کرنے اور ترقی دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتی ہوں کہ وہ میری رہنمائی فرمائے اور سب کی امیدوں پر پورا اترنے میں مدد کرے، انشاء اللہ، میں اس مشکل کام کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے کے لیے پورے پاکستان کا دورہ کروں گی۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز اور نوازشریف کی وطن واپسی؟ اہم خبر سامنے آگئی

 پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے مزید کہا کہ دورے میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کروں گی، ہم جدید تکنیکوں کو اپنائیں گے اور جہاں ضرورت ہو بہتری لائیں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز ملک بھر میں پارٹی کو متحرک کرنے کے لئے دورے بھی کریں گی جبکہ انکا نوازشریف سے پہلے رواں ماہ کے آخری ہفتے پاکستان آنے کا بھی امکان ہے۔

متعلقہ خبریں