بلدیاتی الیکشن کے التوا کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کی امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کا وفد خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں جماعت اسلامی کراچی کے مرکزی دفتر ادارہ نور حق پہنچا۔
ملاقات میں دونوں جماعتوں کے درمیان کراچی کی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی جانب سے جماعت اسلامی کو 9 جنوری کو ہونے والی احتجاجی ریلی میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں؛ پیپلزپارٹی سے اختلافات؛ ایم کیو ایم نے 9 جنوری کو احتجاج کی کال دے دی
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دونوں جماعتیں بنیادی جمہوریت کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہیں، الیکشن کمیشن اور عدالتوں کے حکم ہی پر پہلے بھی بلدیاتی انتخابات ہوئے، اب بھی ہوں گے۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ المیہ ہے کہ ایک چیز درست کریں تو دوسری خراب ہو جاتی ہے، جمہوری جماعتوں کے لیے راستے محدود ہیں، آمروں کے دور میں بلدیاتی انتخابات ہوجاتے ہیں لیکن بڑی جماعتیں نہیں چاہتیں کہ بلدیاتی انتخابات ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ووٹر لسٹ کبھی درست نہیں ہوتی، اس کو ٹھیک کرانے کے لیے لڑائی لڑی، مردم شماری میں بھی کراچی سے ہمیشہ زیادتی ہوتی رہی جب کہ ایم کیو ایم پی ڈی ایم میں شامل ہے، گورنر بھی ان کا ہے۔



















