وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے کور مفادات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو سال نو کی مبارکباد دی۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ2022 میں پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کو چھونے لگے جبکہ دونوں رہنماؤں نے پاک چین وزرائے اعظم کا دونوں ممالک کے باہمی تعاون کے فروغ کی رفتار 2023 میں بھی برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیراعظم کو سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیر نو کی پیش رفت سے آگاہ کیا جس پر چینی وزیراعظم کی نو جنوری کو جنیوا میں کلائمیٹ کانفرنس کی کامیابی اور تعمیر نو کے لیے بھرپور حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
یہ بھی پڑھیں؛ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، شہباز شریف
ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی پیش رفت اور بروقت تکمیل پرمکمل توجہ ہے، پاکستان چین کے کور مفادات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو مکمل طور پر محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرے گا۔
اس موقع پر چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں استحکام اور اقتصادی بہتری ناصرف خطے بلکہ چین کے لیے بھی بہت اہم ہے، چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔



















