Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلاول کی سیاسی استحکام کیلیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونے کی دعوت دیدی

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں سیاسی استحکام کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونے کی دعوت دے دی۔

پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد بلاول ہائوس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے ضابطہ اخلاق بنانے کا فیصلہ  کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق بنانے کیلئے حکومت اور اپوزيشن کی تمام جماعتوں سے رابطہ کریں گے،  پیپلز  پارٹی ہمیشہ سے کہتی ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں، جلدی الیکشن کی مخالفت کر رہے ہیں تو الیکشن میں تاخیر کی بھی مخالفت کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پرویزالہٰی کو وزیر اعلیٰ پنجاب رہنا ہے تو اعتماد کا ووٹ تو لینا پڑے گا جب کہ سندھ کے47 فیصد تعلیمی ادارے سیلاب سے متاثر یا تباہ ہوئے ہیں، ہمارے جوتے کپڑوں پر تنقید، ٹرینڈ چلانے کے بجائے سیلاب متاثرین  پر وقت لگاتے تو ملک کا فائدہ ہوتا۔

ایم کیو ایم سے متعلق سوال کے جواب میں چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ایم کیو ایم کے ساتھ ملکر کام کریں، ہم وفاق میں اتحادی ہیں لیکن سندھ اسمبلی میں ان کی ضرورت نہیں ہے، ایم کیو ایم کو صوبائی حکومت کی طرف سے ہم نے فنڈز دیئے یہ معاہدہ کا حصہ نہیں تھے ، پیپلز پارٹی سے غیر قانونی اور غیر آئینی کام کی امید نہ رکھیں۔

میڈیا ٹاک سے قبل پی پی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں سابق وزیراعظم شہید ذولفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا، پی پی سی ای سی نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں