سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اتوار سے مہنگائی کے خلاف احتجاج شروع کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پورا ملک جل رہا ہے پورا ملک پریشان ہے، پاکستان ایک زرعی ملک ہے لیکن ایک کلو آٹے کی قیمت 150 سے زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری پریشان ہیں، کاروبار ڈوب گیا ہے، معیشت بیٹھ چکی ہے، مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اصافہ ہو رہا ہے اور شہباز شریف آصف زرداری اور عمران خان کو الیکشن کی پڑی ہے،ان کو عام آدمی کی مشکلات کا کوئی احساس نہیں۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ بیرون ممالک سے خام مال منگواتے ہیں ان کے کارخانے بند پڑے ہیں، مرکزی حکومت سوچ رہی ہے کہ ایئرپورٹ اور ریلوے اسٹیشن گروی رکھے جائیں جبکہ ملک کے جو ادارے چل رہے ہیں یہ حکومت ان کو بھی فروحت کرنا چاہتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں یوکرائن اور عراق کی طرح پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں، عالمی طاقتوں کی خواہش ہے کہ پاکستان کا ایٹمی اثاثے چھین لیے جائیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج پاکستان ہچکیاں لے رہا ہے، اگر سعودی عرب اپنے پیسے واپس لے لے تو ہمارے پاس کسی کو دینے کے لیے کوئی ڈالر نہیں جبکہ پاکستان اس بچے کی طرح ہو گیا ہے جیسے کوئی گود لینے کو تیار نہیں ، ہمارا وزیراعظم روز سعودی عرب اور چین کو کال کرتا ہے لیکن کوئی پاکستان پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛ ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں عوام کی جان مال اور عزت محفوظ ہو، سراج الحق
سراج الحق نے کہا کہ دشمن کے آئٹم بم سے زیادہ خطرناک شہباز شریف ،آصف زرداری اور عمران خان ہیں، ان تینوں نے ملک کو مہنگائی اور بدحالی کی طرف دھکیل ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جماعت اسلامی کے علاؤہ سب جماعتیں وفاق اور صوبائی حکومتوں میں شامل ہیں جبکہ یہ لوگ قانون سے بالاتر ہیں عدالتیں اور نیب ان کے سامنے قاصر ہیں، اگر ملک میں پیسہ نہیں تو آپ نے 72 وزیر و مشیر کیسے لیے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اس ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں، اسحاق ڈار،شوکت ترین، حفیظ شیخ اور اسد عمر سب ناکام ہو گئے جبکہ ملک کا پیسہ حکمرانوں کے پروٹوکول پر لگ رہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جن مافیاز نے پاکستان کو غلام بنایا ہے ان کو اڈیالہ کی جیل میں دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ پرویز الہٰی گجرات کے وزیراعلیٰ ہیں، پنجاب کا سارا فنڈ گجرات میں خرچ ہو رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اتوار سے مہنگائی کے خلاف احتجاج شروع کرے گی، بلوچستان کے محروم عوام کے ساتھ مذاکرات کیے جانے چاہیں، اس وقت بلوچستان جل رہا ہے، جو لوگ اپنے حق کے لیے نکلے تھے ان پر پولیس نے گولیاں چلائی ، بلوچستان کے لوگ دہشتگرد نہیں اور نہ ہی سی پیک کے خلاف ہیں۔



















