Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی؛ سمندر میں چھلانگ لگانے والی لڑکی کی تلاش جاری

 گزشتہ رات کراچی سی ویو دو دریا پر نوجوان لڑکی نے سمندر میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی ہے جس کی تلاش تاحال جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق  گزشتہ رات سی ویو دو دریا پرسمندر میں نوجوان لڑکی نے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی جس کے بعد ایدھی ریسکیو ٹیموں نے کھلے سمندر میں تلاش شروع کردی تھی جو اب تک جاری ہے۔ اس وقت ایدھی کے 12  رضا کار ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات اندھیرے کی وجہ سے آپریشن روک دیا گیا تھا تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بیگ میں موجود شناختی کارڈ کے ذریعے لڑکی کی شناخت سارہ ملک دختر ابرار احمد کے نام سے کی گئی ہے ۔

ایس ایس پی ساوتھ سید اسد رضا کا کہنا ہے کہ محمود آباد اعظم بستی کی رہائشی سارہ ملک پیشے کےاعتبار سے فزیوتھراپسٹ ڈاکٹر تھی جس نے خودکشی کی،  اس نے سمندر میں چھلانگ کیوں لگائی اسکی وجہ تا حال سامنےنہیں آسکی ہے ۔

ایس ایس پی ساوتھ سید اسد رضا نے بتایا کہ لڑکی کے والد کا پولیس سے رابطہ ہوگیا ہےجوایک ریٹائرڈ پولیس ہیڈ کانسٹیبل ہیں۔

’نیوی اپنی ریسکیو ٹیمیں روانہ کرے‘ والد کی اپیل

لڑکی کے والد نے وزیرِاعلی اورگورنر سندھ  کو فوری نوٹس لینے اور نیوی کو اپنی ریسکیو ٹیمیں  جلد از جلد روانہ کرنے اپیل کی ہے۔

لڑکی کے والد نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ میری بیٹی ہاوس جاب مکمل کرچکی تھی تاہم بیٹی نے ایسا کیوں کیا معلوم نہیں ۔

لڑکی کے والد نے پولیس کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم کو کسی پر شک نہیں  ہے، ہماری بیٹی خودکشی نہیں کرسکتی  وہ سمجھدار لڑکی ہے۔

واضح رہے کہ لڑکی کے رشتہ دار اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد جائے وقوع پر موجود ہے۔

متعلقہ خبریں