فاروق ستار نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی نظر صرف کراچی کی میئر شپ پر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر امین الحق اور وفد کے ہمراہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے سربراہ تنظیم بحالی کمیٹی فاروق ستار سے اُن کے گھر میں ملاقات کی۔
اس سے قبل فاروق ستار اور دیگر نے خالد مقبول صدیقی اور ایم کیو ایم کے وفد کا استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں فاروق ستار نے بلدیاتی الیکشن میں بائیکاٹ کا مشورہ دیا لیکن ایم کیو ایم پاکستان نے بائیکاٹ کے مشورہ پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
دوران ملاقات فاروق ستار نے حلقہ بندیوں پر ایم کیو ایم پاکستان کے موقف کی تائید اور حمایت کی اور 11 جنوری کے احتجاج میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
ایم کیو ایم وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ میں سربراہ تنظیم بحالی کمیٹی فاروق ستار نے کہا کہ سندھ میں رواداری کو قائم رکھنا ہے تو اس کے لیے درست حلقہ بندیاں ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میچ شروع ہوا نہیں ایک ٹیم کو پہلے ہی 200 رنز دے دیئے، یہ مہاجروں کو دیوار سے لگانے کی سازش ہے۔
فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ متنازع حلقہ بندیاں بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش ہے، یہ ایک دوسرے کو آمنے سامنے لا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہیرا پھیری کے نتیجے میں ہمیں بنیادی حقوق سے محروم کیا گیا، اب وقت آگیا ہے کہ ان کے خلاف فیصلہ کن جدوجہد کی جائے۔
سربراہ تنظیم بحالی کمیٹی فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی نظر صرف کراچی کی میئر شپ پر ہے، خالد بھائی سے دوران ملاقات کہا کہ مجھے بو آگئی ہے کہ پس پردہ جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی میں معاہدہ ہوگیا ہے۔



















