قانونی مشاورت کے بعد سندھ حکومت نے کل ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے قانونی مشاورت کے بعد کل کراچی کے بلدیاتی الیکشن کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سندھ حکومت کے مطابق کل کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔
ذرائع سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے آرڈیننس نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے، پولیس اور ضلع انتظامیہ کو الیکشن کمیشن سے بھرپور تعاون کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
سندھ حکومت کے فیصلے کے مطابق آئینی حکومت ہے آئین کے خلاف جاکر کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے۔ شدید سیکیورٹی خدشات ہیں لیکن مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے۔
دوسری جانب سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کراچی میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولیس کی جانب سے سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے جس کے تحت 52 ہزار سے زائد پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے۔
ادھرپاکستان رینجرز(سندھ) کی جانب سے بھی بلدیاتی الیکشن کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ترجمان پاکستان رینجرز(سندھ) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پولیس کے ساتھ کراچی اورحیدر آباد کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا گیا۔
