کراچی پریس کلب کے قریب واقع ایک نجی کمرشل عمارت میں مبینہ بم کی اطلاع پر سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن مکمل کرلیا جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے عمارت کو کلیئر قرار دے دیا۔
بم ڈسپوزل حکام کے مطابق ٹیم نے پولیس، عمارت کے سیکیورٹی عملے اور کے نائن یونٹ کے ہمراہ عمارت کی مکمل تلاشی لی۔ اس دوران پہلی سے دسویں منزل تک سرچنگ کی گئی جبکہ عمارت کے ملحقہ حصوں کا بھی باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل ٹیم نے سرچ آپریشن کے دوران سراغ رساں کتوں اور جدید ڈیٹیکٹرز کی مدد سے عمارت کے مختلف حصوں کی جانچ پڑتال کی تاہم کسی قسم کا دھماکہ خیز مواد یا ڈیٹونیٹنگ ڈیوائس برآمد نہیں ہوئی۔
مکمل معائنے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے عمارت کو محفوظ قرار دیتے ہوئے کلیئرنس دے دی جبکہ عمارت اور اطراف میں پولیس اور رینجرز کی نفری تاحال موجود ہے۔
