سابق وزیراعظم عمران خان کوپارٹی صدارت سے ہٹانے کےلیےالیکشن کمیشن کی کارروائی کےخلاف کیس لارجربنچ کے روبرو سماعت کےلئے مقررکردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ 30جنوری کو سماعت کرے گا۔
لاہور ہائی کورٹ کے لارجربنچ میں جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس شاہد کریم، جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس جواد حسن شامل ہیں۔
عدالتِ عالیہ نے تاحکم ثانی الیکشن کمیشن کو عمران خان کےخلاف کسی بھی کاروائی سے روک رکھا ہے۔
عمران خان نے الیکشن کمیشن کوفریق بناتے ہوئے درخواست دائرکررکھی ہے۔ چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفردلائل دیں گے۔
درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا کہ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات سے تجاوز کر کہ پارٹی عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کر رہا ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کےلئے غیر قانونی طور پر نوٹس جاری کیا، الیکشن کمیشن نے 7 دسمبر 2022 کو خلاف قانون کارروائی کا آغاز کیا۔
وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے روبرو اپنے مکمل اثاثے ظاہر کر رکھے ہیں۔ استدعا ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کے خلاف قانون اقدام کی کالعدم قرار دے۔
