Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مریم نواز کی وطن واپسی، (ن) لیگ کو پہلا بڑا دھچکا

لاہور سے تعلق رکھنے والے ن لیگ کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کی اکثریت نے مریم نواز کے استقبال سے معذرت کرلی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی وطن واپسی پر پرتپاک استقبال کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم لاہور سے تعلق رکھنے والے ن لیگ کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کی اکثریت نے مریم نواز کے استقبال سے معذرت کر لی۔

لیگی اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ موجودہ ملکی معاشی صورتحال و ہوش ربا مہنگائی کے باعٹ عوام میں ن لیگ کے خلاف شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے، موجودہ صورتحال میں مریم نواز کے استقبال کے لئے کارکنوں کو نہیں لا سکتے۔

لیگی ارکان نے قیادت کو جواب دیا ہے کہ وہ خود مریم نواز کے استقبال کے لیے آسکتے ہیں لیکن کارکنان میں پارٹی کارکردگی کے حوالے سے شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔

اراکین اسمبلی کے انکار کے بعد لیگی قیادت نے مریم نواز کے استقبالیہ پلان کو تبدیل کردیا گیا، مریم نواز کو صرف ائیرپورٹ کے باہر ہی ریسیپشن دی جائے گی، مریم نواز استقبالیہ کیمپ سے خطاب کریں گی، اور گھر روانہ ہو جائیں گی۔

اس سے قبل مریم نواز کی امد پر اس سے قبل شہر میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپس لگائے جانے تھے، لیگی ارکان اسمبلی کی معذرت کے بعد ن لیگ نے شہر کی بجائے  رائل سوئس ہوٹل آئرپورٹ کے باہر صرف ایک جگہ پر استقبال کا فیصلہ کیا ہے۔

واپسی کے شیڈول میں ردوبدل

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور (ن) لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی واپسی کے شیڈول میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کل بروز جمعہ لندن سے دبئی کے لئے روانہ ہوں گی۔ مریم اورنگزیب دبئی سے مریم نواز کے ہمراہ وطن واپس پہنچیں گی۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رات کے وقت پروازوں اور مسافروں کے رش کی وجہ سے مریم نواز کی واپسی کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی گئی۔

پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ مریم نواز غیرملکی ایئرلائن کی بجائے قومی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے وطن واپس پہنچیں گی، مریم نواز کا قومی ایئرلائن میں سفر کرنے کا مقصد پی آئی اے پر مسافروں کے اعتماد کے فروغ دینا ہے۔

اس سے پہلے مریم نواز کی وطن واپسی ہفتہ کی رات 8 بجے شیڈول تھی، اب مریم نواز پرسوں ہفتے کے روز سہ پہر 3 بجے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو ریلی کی صورت میں ایئرپورٹ سے جاتی امرا رائیونڈ لے جانے کا پلان بھی تبدیل کیا گیا ہے۔ مریم نواز ایئرپورٹ کے باہر کارکنوں سے خطاب کر کے اپنی رہائشگاہ جاتی امرا روانہ ہو جائیں گی، مریم نواز کے جلسوں، جلوسوں و ریلیوں کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ مریم نواز تقریبا ساڑھے 3 ماہ کے بعد وطن واپس پہنچ رہی ہیں، مریم نواز 6 اکتوبر 2022 کو لندن روانہ ہوئیں تھیں۔

متعلقہ خبریں