وفاقی حکومت نے انتخابات نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت کرانے پرغور شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی انتخابات کے التوا کے لیے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا جس میں انتخابات نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت کرانے کی حکمت عملی بھی شامل ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں اتحادی حکومت میں شامل جماعتوں پاکستان مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کی اعلیٰ قیادت کی ملاقات ہوئی ہے جس میں عام انتخابات سے متعلق نئی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
حکومتی اتحادیوں کی اہم ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی۔ اتحادی جماعتوں کی صوبائی انتخابات میں تعاون اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سابق صدر آصف علی زرداری، جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر اتحادیوں سے ملاقات میں انتخابات نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت کرانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے انتخابات نئی مردم شماری پر کرانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے پر بھی غور کیا ہے، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کہہ چکے ہیں کہ مردم شماری کے نتائج 30 اپریل کو جاری ہوں گے۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان بھی واضح کرچکا ہے کہ نئی مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیوں میں 6 ماہ لگیں گے۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے 90 دن 14اپریل اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے 90 دن 18 اپریل کو پورے ہو رہے ہیں۔



















