عدالت نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری پر تشدد کے خدشے کے پیش نظر طبی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے وکلا کی جانب سے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی رہنما کو جسمانی ریمانڈ کے دوران تشدد کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں دائر درخواست فواد چوہدری کے وکلا کی جانب سے اپنے موکل کے طبی معائنے کی استدعا کی گئی۔
ڈیوٹی مجسٹریٹ راجہ وقاص کی عدالت میں جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود فواد چوہدری کا طبی معائنہ نہیں کروایا گیا، خدشہ ہے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں؛ فواد چوہدری پر ہونے والے ظلم پر عدلیہ کو کردار ادا کرنا ہو گا، عمران خان
درخواست میں مزید کہا گیا کہ فواد چوہدری کا طبی معائنہ نہایت ضروری ہے، طبی معائنہ یقینی بنایا جائے تاکہ سابق وفاقی وزیر کے بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو۔
دوسری جانب ڈیوٹی مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فواد چوہدری کا طبی معائنہ کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اپنے عملے کو آج ہی ایس ایچ او کوہسار کو عدالتی آرڈر ارسال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایس ایچ او سے فواد چوہدری کی طبی معائنہ کی رپورٹ کل تک طلب کرلی۔



















