چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان پرحملہ کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواست پرسماعت نہ ہو سکی۔
لاہورہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان پر وزیر آباد حملہ کیس کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی کی تشکیل کے خلاف عدالت میں درخواست پر سماعت نہ ہوسکی۔
بنچ کے سربراہ جسٹس علی باقر نجفی علالت کی بنا پررخصت پر ہیں۔ جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس شہباز رضوی پر مشتمل بنچ نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست پر سماعت کرنا تھی۔
درخواست گزار کی طرف سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور درخواست میں مؤقف پیش کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی غیر قانونی ہے۔ پنجاب حکومت نے تحقیقات کے لیے پہلے سے جے آئی ٹی بنا رکھی ہے۔
وکیل درخواست گزارکا کہنا ہے کہ ایک جے آئی ٹی کی موجودگی میں دوسری جے آئی ٹی نہیں بنائی جا سکتی۔ استدعا ہے کہ عدالت وفاقی حکومت کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی کالعدم قرار دے اورعدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک جے آئی ٹی کو کام سے روکا جائے۔
