Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دہشت گردی کی موجودہ لہر کیخلاف ضرب عضب آپریشن جیسا اتفاق رائے پیداکرنے کی ضرورت ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی موجودہ لہر کے خلاف ضرب عضب آپریشن جیسا اتفاق رائے پیداکرنے کی ضرورت ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت شروع ہوا جس میں پشاور پولیس لائنز خودکش دھماکے کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی گئی۔ جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے دعا کروائی۔

اس موقع پر وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا اور ہم نے 2010 سے2017  تک دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمیں بتایا گیا کہ ان لوگوں سے بات چیت ہوسکتی ہے، افغان جنگ کے بعد ہزاروں لوگوں کو پاکستان سیٹ کروایا گیا اور کل ایک خودکش حملہ آور نے مسجد میں خود کو آڑایا جس کے نتیجے میں 100 افراد شہید ہوگئے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہمیں ایک بار پھر  قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے اور دہشت گردی کی موجودہ لہر کے خلاف ضرب عضب آپریشن جیسا اتفاق رائے پیداکرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی کرے گی، کیوں کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی ہی ایسے فیصلے لینے کا مجاز فورم ہے، امید ہے اسی طرح کا کوئی قدم وزیراعظم اٹھائیں گے۔

وزیردفاع کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز پشاور میں پیش آنے والا واقعہ اے پی ایس سانحے سے کم نہیں، نائین الیون میں ہمیں دھمکی ملی اور ہم ڈھیر ہوگئے جب کہ اب افغانستان کی جنگ ہماری دہلیز پر آگئی ہے۔

متعلقہ خبریں