وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خلاف سازش کرکے ملک عمران خان کے حوالے کیا گیا۔
بہاول پورمیں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مقبولیت کا دعویٰ کرنے والے صرف پروپگینڈا کررہے ہیں، ملک کو سیل کرنے کا دعویٰ کرنے والا جوتے کھا کربھاگا تھا۔ اسلام آباد میں عوام کا سمندر لانے والا رسوا ہو کرواپس آیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان ملکی سیاست میں ناسور ہے۔ عمران خان فتنہ اور فساد ہیں۔ ووٹ کی طاقت سے ناسور کو سیاست سے مائنس کیا جائے۔ ناسور کو سیاست سے مائنس نہ کیا تو ملک کا نقصان ہوگا۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف سازش کر کے ملک عمران خان کے حوالے کیا گیا۔ ملک میں مہنگائی کا طوفان مسلم لیگ ن نہیں لائی۔ گذشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کر کے ہمیں مجبور کیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ گذشتہ حکومت کے معاہدے کی وجہ سے مہنگائی ہوئی، گذشتہ حکومت نے آنکھ بند کرکے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا، ہم نے آئی ایم ایف سے مجبوری میں معاہدے کو آگے بڑھایا۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ آگے نہ بڑھاتے تو ملک ڈیفالٹ ہوجاتا۔
انھوں نے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے۔ مہنگائی کے طوفان میں ن لیگ حکومت کا کوئی قصور نہیں۔ پاکستان بچانے کے مشن میں مریم نواز کا ساتھ دیں۔ ن لیگ کی قیادت ہی ملک کو مشکل حالات سے نکال سکتی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے مذید کہا کہ ہم نے عوام پربوجھ نہ ڈالنے کی بھرپور کوشش کی۔ نواز شریف نے پوری کوشش کی کہ عوام پر بوجھ نہ ڈالا جائے۔ 213 میں 20، 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی تھی۔ نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ کیا اورملک کو مشکل وقت سے نکالا۔
انھوں نے خطاب میں مذید کہا کہ مریم نوازنے تنظیمی دورے کا آغاز بہاول پور سے کیا ہے۔ مریم نواز پورے پاکستان میں پارٹی کو متحرک کررہی ہیں۔ تنظیمی اجلاس کا جذبہ پاکستان کے ہر کونے میں جانا چاہیے۔



















