آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ افغانستان کو کہیں گے کہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے والے لوگوں کے خلاف کاروائی کرے۔
اپیکس کمیٹی میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق آئی جی خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ اپیکس کمیٹی اجلاس میں سمت کلئیر کرلی گئی ہے کہ آگے کیا کرنا ہے، مذاکرات کے حوالے سے بھی تفصیلی بات ہوئی ہے۔
معظم جاہ انصاری کا کہنا تھا کہ بعد میں اگر کسی سی بات کی ضرورت پڑی تو طاقتور پوزیشن سے بات کی جائے گی، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغان حکومت سے تعاون حاصل کیا جائے گا، افغان مہاجرین کی پالیسی پر نظرثانی کی جائے گی۔
آئی جی کے پی نے کہا کہ دھماکہ خیز مواد جہاں بنتا اور استعمال ہوتا ہے اسکی ای ٹیگنگ کی جائے گی، پولیس اور سی ٹی ڈی کے استعداد کار کو بڑھایا جائے گا جب کہ ہماری سیاسی قیادت افغان قیادت، عسکری قیادت افغانستان کی عسکری قیادت اور مذہبی رہنما پڑوسی ملک کے رہنماوں سے بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھتے کی کالز افغآنی واٹس ایپ نمبروں سے آتی ہیں، افغانستان سے کوئی معلومات چاہیے ہوگی تو باہمی قانونی معاونت ہوگی، افغانستان کو کہیں گے کہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے والے لوگوں کے خلاف کاروائی کرے۔



















