مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز اور شہبازشریف کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے، کشمیرکے شہداء اور کشمیر کی ماں، بیٹیوں، بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ایک دن کشمیر بنے گا پاکستان۔
‘دل میں تکلیف ہے کہ آپ کے گھروں میں مشکلات ہیں’
انہوں نے کہا کہ مجھے، نوازشریف اور شہبازشریف کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے اور روٹی، بجلی،گیس سمیت تمام چیزیں مہنگی ہیں۔ دل میں شدید تکلیف ہے کہ آپ کے گھروں میں مشکلات ہیں۔
‘عمران خان کے معاہدے کی وجہ سے مہنگائی ہو رہی ہے’
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے اور عوام کو پتا ہے مہنگائی کس کی عطا کی ہوئی ہے؟ عوام اچھی طرح جانتے ہیں مہنگائی کس کی لائی ہوئی ہے، عمران خان کے معاہدے کی وجہ سے مہنگائی ہو رہی ہے، گھڑی چور نے صرف گھڑی چوری نہیں کی ملک میں تباہی مچائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو ملک سے نکالنا قومی سانحہ تھا، مریم نواز
‘جب جب نوازشریف کی حکومت آئی تومہنگائی کم ہوئی’
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نوازشریف کی حکومت جب آئی تو ملک میں بڑے بڑے منصوبے لگائے گئے، جب جب نوازشریف کی حکومت آئی تومہنگائی کم ہوئی۔
‘آئی ایم ایف کی بات نہ سنیں تو ملک دیوالیہ ہوجاتا ہے’
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ 2013 میں نواز شریف کو اجڑا ہوا پاکستان ملا تھا اور 2016میں نوازشریف نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کردیا تھا جبکہ ہمیں2022 میں بھی اجڑا ہوا پاکستان ملا ہے، آئی ایم ایف کی بات نہ سنیں تو ملک دیوالیہ ہوجاتا ہے۔



















