سراج الحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا جیل خانہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ کشمیری گزشتہ 2 سو سالوں سے آزادی کے لیے تڑپ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ایسٹ انڈیا کمپنی کے حوالے کیا گیا,2 لاکھ سے زائد لوگ کشمیر میں شہید ہوچکے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا جیل خانہ ہے، مقبوضہ کشمیر سب سے بڑے قبرستان کا منظر پیش کر رہا ہے۔
‘حکومتوں نے کشمیر کے لیے کوئی عملی کام نہیں کیا’
سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومتوں نے کشمیر کے لیے کوئی عملی کام نہیں کیا، کشمیری قوم ظلم و جبر کے باوجود اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہناتھا کہ 5 فروری جماعت اسلامی نے ملک بھر یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا، حکمرانوں کا ایک ہی کام ہے تقریریں کرنا اور کچھ نہ کرنا ، یہ لوگ کوئٹہ و پشاور کو نہیں بچا سکے کشمیر کیا بچائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 5 فروری، کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کا دن
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جارہا ہے، جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔
پاکستان میں سب سے پہلے کشمیر سے یکجہتی کا دن 5 فروری کو 1991 سے ہر سال منایا جاتا ہے تاہم بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور لاک ڈاؤن کے نفاذ کے باعث اس دن کی اہمیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
اس دن کی مناسبت سے پاکستان کے طول و عرض میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی طرف سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جلسے، جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے پلوں پر انسانی حقوق کی زنجیریں بھی بنائی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم اور صدر مملکت کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام
اس کے علاوہ کوہالہ پل میں تقریب میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان حکومت کے نمائندے شریک ہوئے جبکہ اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے بھی پارلیمنٹ ہاؤس تک یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔
تاہم کم لوگ ہی یہ جانتے ہیں کہ پاکستان میں اس دن کو منانے کی شروعات کب اور کیسے ہوئی اور کس شخصیت نے سب سے پہلے ریاستی سطح پر اس دن کو منانے کا مطالبہ پیش کیا۔



















