Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پرویز مشرف کی میت دبئی سے پاکستان بھیجنے کی تیاری مکمل

سابق صدر پرویز مشرف کی میت دبئی سے پاکستان بھیجنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔

سفارتی حکام کے مطابق دبئی قونصل خانے نے پرویز مشرف کی میت پاکستان منتقل کرنے کے لیے این او سی جاری کردیا ہے، آج سابق صدر پرویز مشرف کا جسد خاکی ائیر ایمبولینس کے ذریعے پاکستان پہنچایا جائے گا۔

سفارتی حکام کے مطابق پرویز مشرف کا پاسپورٹ کینسل کردیا گیا ہے، سابق صدر کی میت راولپنڈی روانہ کی جائے گی۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال سے سابق صدر پرویز مشرف کی میت کو ایئرپورٹ منتقل کیا جائے گا، پرویز مشرف کی میت المکتوم ایئرپورٹ سے آج صبح11 بجے روانہ ہوگی جبکہ پرویز مشرف کی تدفین کراچی میں کی جائے گی۔

خیال رہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف دبئی میں انتقال کرگئے، وہ دبئی کے نجی اسپتال میں کافی عرصے سے زیر علاج تھے، انکا انتقال امریکن اسپتال دبئی میں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں؛ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف انتقال کر گئے

پرویزمشرف 11 اگست 1943 کو دہلی میں پیدا ہوئے، انہوں نے کراچی کے سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کی اور بعد میں ایف سی کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی۔

سابق صدر پرویز مشرف نے 1961 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا اور انہوں نے بعد میں اسپیشل سروسز گروپ میں شمولیت اختیار کی۔

پرویزمشرف نے 1965 اور 1971 کی جنگوں میں بھی حصہ لیا تاہم پرویزمشرف 7 اکتوبر 1998 کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے انہوں نے 1999 میں مارشل لاء نافذ کر کے چیف ایگزیکٹو کاعہدہ سنبھالا۔

سابق صدر پرویز مشرف اپریل 2002 میں ریفرنڈم کرا کر باقاعدہ صدر پاکستان منتخب ہوئے اور 2004 میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5سال کیلئے باوردی صدر منتخب ہوئے۔

پرویز مشرف 18 اگست 2008 کو مستعفی ہو کر بیرون ملک چلے گئے تھے تاہم پرویز مشرف بول نیوز پر’’سب سے پہلے پاکستان‘‘ پروگرام بھی کرتے رہے۔

متعلقہ خبریں