الیکشن کمیشن کے بلدیاتی نمائندوں کی معطلی کے فیصلے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ہی ٹی آئی کے سینئررہنما پرویزخٹک کے بیٹے اور تحصیل نوشہرہ کے چیئرمین اسحاق خٹک نے الیکشن کمیشن کے بلدیاتی نمائندوں کی معطلی کے فیصلے کے خلاف رٹ پشاور ہائی کورٹ میں جمع کرائی۔
رٹ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان او صوبائی الیکشن کمشنرکو فریق بنایا گیا ہے۔
وکیل درخواست گزار نے مؤقف پیش کیا کہ الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کے نتائج تک بلدیاتی نمائندوں کو معطل کرنا غیر قانونی ہے، الیکشن کمیشن کے بلدیاتی نمائندوں کو معطل کرنے کے فیصلے کو واپس لیا جائے۔
درخواست مین مؤقف اپنایا گیا کہ سیاسی نظام مقامی حکومتوں کے بغیرمکمل نہیں۔ آئین کے مطابق مقامی لوگوں کی نمائندگی ختم کیے بغیرانتخابات کا انعقاد ہونا چاہیئے۔
نعمان کاکاخیل ایڈووکیٹ نے رٹ میں مؤقف پیش کیا کہ قانونی بنیادوں کے بغیر منتخب اداروں کو درہم برہم اور مفلوج کرنے کا کوئی جوازنہیں، دوسری طرف معطلی سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پرویزخٹک کے بیٹے اور تحصیل نوشہرہ کے چیئرمین اسحاق خٹک کی جانب سے رٹ میں وکیل نے مذید کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے عہدیداروں کو ضروری دستاویزات پر دستخط اور تصدیق کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
