Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان سینیگال کو مغربی افریقی خطے میں ایک اہم ملک سمجھتا ہے، صدر مملکت

صدر مملکت نے کہا ہے کہ پاکستان سینیگال کو مغربی افریقی خطے میں ایک اہم ملک سمجھتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی سے سینیگال میں پاکستان کی نامزد سفیر صائمہ سید کی ملاقات ہوئی جس میں صدرمملکت نے ڈاکار میں ہونے والے تجارتی میلوں میں پاکستانی تاجروں کی شرکت پر اطمینان کا اظہارکیا۔

صدرمملکت نے کہا کہ نامزد سفیر سینیگال کے ساتھ تجارت، معیشت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں، دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان سینیگال کو مغربی افریقی خطے میں ایک اہم ملک سمجھتا ہے، نامزد سفیر دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔

ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا تھا کہ نامزد سفیر دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مل کر مزید تجارتی نمائشوں کا اہتمام کریں جبکہ نامزد سفیر دونوں ممالک کے درمیان وزارتی سطح پر دو طرفہ تبادلوں پر کام کریں، اس طرح کی نمائشوں سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

صدر مملکت نے پاکستان اور سینیگال کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت 8000 غیر ملکی طلباء ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے مختلف پروگراموں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیگال کے طلباء بھی ورچوئل یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے آن لائن اور فاصلاتی تعلیمی پروگراموں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ نامزد سفیر بھارت کی اقلیت مخالف اور مسلم دشمن پالیسیوں ، مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں کے خلاف جاری دہشت گردی کو بھی اجاگر کریں۔

متعلقہ خبریں