عدالتِ عظمٰی نے 23 کروڑروپے کی کرپشن کے کیس میں ملزم نواب خان کی ضمانت منسوخی کی درخواست خارج کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں 23 کروڑ روپے کی کرپشن کے ملزم نواب خان کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
دورانِ سماعت نیب کے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ نئے نیب قانون کے بعد 23 کروڑ روپے کی کرپشن کا کیس نیب کے دائرہ اختیار سے نکل گیا، مقدمہ نیب دائرہ اختیار سے نکلنے پر ملزم کی ضمانت منسوخی کی درخواست غیر موثر ہو گئی۔
چیف جسٹس پاکستان عمرعطا بندیال نے نیب سے استفسارکیا کہ صرف 23 کروڑ روپے کی کرپشن ہے 50 کروڑ کی نہیں؟ کیا نیب کے دائرہ اختیارسے نکلنے والے مقدمات ختم ہوگئے؟
نیب کے پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ نیب مقدمات واپس نہیں لے رہا عدالتیں کیسز واپس کررہی ہیں۔
چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ کیا نئے نیب قانون میں یہ نہیں لکھا کہ مقدمات کہاں بھیجنے ہیں؟ نئے نیب قانون میں کچھ کوتاہیاں ہیں جسے ہم دیکھ رہے ہیں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہاں نیب کی بھی بہت نااہلی ہے۔
سپریم کورٹ نے 23 کروڑ روپے کی کرپشن کے ملزم نواب خان کی ضمانت منسوخی کی درخواست غیر مؤثر ہونے پر خارج کردی
