ناروے کے نائب وزیر خارجہ ایرلنگ ریمسٹاد نے سیکرٹری خارجہ سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سیکرٹری خارجہ نے پاکستان اور ناروے کے درمیان دیرینہ تعاون پر مبنی تعلقات پر زور دیا۔
ناروے کے نائب وزیر دوطرفہ بات چیت کے ایک حصے کے طور پر ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں۔
سیکرٹری خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر ناروے کو مبارکباد دی اشکج سیکرٹری خارجہ نے پاکستان اور ناروے کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں بالخصوص سرمایہ کاری، میری ٹائم، موسمیاتی اور اعلیٰ تعلیم پر روشنی ڈالی۔
سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ باہمی تعاون پر مبنی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے نئے شعبوں کی نشاندہی کی جانی چاہیے۔
سیکرٹری خارجہ نے پاکستان میں ناروے کی ممتاز کمپنیوں کی موجودگی کو سراہا اور تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ سیکرٹری خارجہ نے پاکستانیوں کے لیے قانونی نقل مکانی اور نقل و حرکت کے مواقع بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
سیکرٹری خارجہ نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد پر ناروے کا شکریہ ادا کیا جبکہ سیکرٹری خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستانی تارکین وطن دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کی حیثیت رکھتے ہیں۔
سیکرٹری خارجہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دو طرفہ تعلیمی تبادلوں میں اضافہ ہوا ہے۔
دونوں اطراف نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا جبکہ فریقین نے اس سال پاکستان ناروے دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا۔



















