Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت انتقام میں اندھی ہوچکی ہے، پرویزالہٰی

پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ حکومت انتقام میں اندھی ہوچکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آڈیو میں کوئی غلط بات نہیں کی گئی، محمد خان بھٹی کے کیس کیلئے ایک وکیل کے ساتھ گفتگو کو ٹیپ کرکے غلط رنگ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد خان بھٹی 10 دن سے لاپتہ ہے، ان کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں اپیل کی ہے آخر وہ کیس بھی سامنے آنا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فلاں بندہ انصاف کیلئے اپنے وکلا کے ذریعے عدالتوں کو رجوع کرتا ہے تو اس میں یہ گناہ ثابت کرنا چاہ رہے ہیں۔

چودھری پرویزالہٰی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ن لیگ کی قیادت عدلیہ کے ادارے کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے، ہم نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا،عدلیہ اس وقت عوام کی امیدوں کامرکز ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت انتقام میں اندھی ہوچکی ہے،تمام مخالفین کو جھوٹے کیسز میں جیلوں میں بند کرناچاہتی ہے، ماڈل ٹاؤن سانحہ کے سرغنہ رانا ثناء اللہ بوکھلائے ہوئے اٹھے ہیں اور بولنا شروع کر دیا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے مزید کہا کہ اللہ کی مدد سے رانا ثناء اللہ کے سارے کرتوت باری باری سامنے آرہے ہیں، اس نااہل حکومت کی تمام غلط کاریوں کی چیزیں انشاء اللہ سامنے آ کر رہیں گی، یہ انشاءاللہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کیس میں ہی کیفر کردار تک پہنچیں گے۔

متعلقہ خبریں