گورنر سندھ نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کی ترقی کے سب سے بڑے ضامن ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں اقرا یونیورسٹی کے 20ویں جلسہ تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ حنید لاکھانی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں انہوں نے ملک کو اقرا یونیورسٹی جیسا مثالی ادارہ دیا، اقرا یونیورسٹی کئی برسوں سے طالب علموں کو معیاری تعلیم فراہم کررہی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ بحیثیت گورنر سب سے زیادہ خوشی جامعات کے جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت سے ہوتی ہے، ایسی تقریبات میں مجھے پاکستان کے تابناک و روشن مستقبل کی نوید ملتی ہے۔
کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کی ترقی کے سب سے بڑے ضامن ہیں ،یہ ہمارا اثاثہ ہیں جو پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرکے قوم کا فخر ثابت ہوںگے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم ڈاکٹرز اور انجینئرز تو پیدا کررہے ہیں لیکن اچھے انسان نہیں بنارہے ہیں، حالات چاہے جیسے بھی ہوں نوجوانوں کو مایوس نہیں ہونا چاہیے، صوبے کے طالب علموں کو بہتر سے بہتر مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ ہمت اور حوصلے سے مشکلات حالات کا مقابلہ کیاجاسکتا ہے،میری خواہش ہے کہ طالب علم یونیورسٹی سے ڈگری کے حصول کے بعد اپنے مستقبل کے لیے پریشان نہ ہوں۔



















