صدر مملکت نے کہا ہے کہ صنعتوں کی ترقی سے ملک معاشی طور پر مضبوط ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس باصلاحیت افرادی قوت موجود ہے، پاکستان کو اپنی نوجوان آبادی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف مہارتوں کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت دے کر انہیں ہنر مند بنانا چاہیے۔
صدر مملکت نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں جنہیں تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان ماضی میں ٹیکنالوجی کے میدان میں کافی پیچھے رہا لیکن اب اسے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے لئے آگے آنا ہوگا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کو ہنرمند بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لئے خواتین کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فنی تربیت کا حصول نوجوانوں بالخصوص خواتین کے لئے انتہائی ناگزیر ہے، پاکستان کی معیشت کو آگے لے جانے میں خواتین کا نمایاں کردار ہونا چاہیے، خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے سے پاکستان اقتصادی ترقی کی منازل طے کرے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو ترقی دے کر معیشت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ صنعتوں کی ترقی سے ملک معاشی طور پر مضبوط ہوگا اور اس سے ملکی معیشت بحال کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ تاجر برادری ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، تاجروں نے ہولناک سیلاب کے باعث ملک میں پیدا ہونے والے بحرانوں سے نمٹنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بنائیں گے۔



















