بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہنگری کے سفیروں کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل باہمی اتفاق و اتحاد سے ہی ممکن ہے، افغانستان میں قیام امن کے لئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کررہا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواشمند ہے اور وہ ہنگری سے اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہنگری نے آج مفاہمت کی تین یادداشتوں پر بھی دستخط کئے ہیں، جن میں سے ایک کھیلوں میں تعاون، سفارتی اکیڈمیوں کے درمیان تعاون قائم ہوگا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اور ہنگری کی فارن سروس اکیڈمیاں ایک دوسرے کے سفارت کاروں کو تربیت فراہم کریں گی جبکہ تیسری مفاہمتی یادداشت کا تعلق ہنگری کی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلباءکے لئے دستیاب سکالرشپس کو بڑھانا ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان اقتصادی تعلقات کو بھی فروغ دیا جائے گا، دونوں ملکوں کے درمیان آج زبردست باہمی مشاورت ہوئی ہے جس سے مختلف مواقع پیدا ہونگے۔
واضح رہے کہ کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کی جانب سے ہنگری کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔



















