اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہم کل خود اپنی گرفتاریاں پیش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق اسپیکر و سینئر مرکزی رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کل پشاور میں جیل بھرو کے حوالے سے خصوصی پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ آج لاہور سے تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا آغاز ہوچکا ہے، جس طرح قائدین اور کارکنان نے خود گرفتاری کے لیے پیش کیا انکو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ کل پشاور میں جیل بھرو تحریک کا دوسرا دن ہوگا میں اور دیگر قائدین وہاں موجود ہوں گے اور ہم کل خود اپنی گرفتاریاں پیش کریں گے۔
سابق اسپیکر و سینئر مرکزی رہنما اسد قیصر نے مزید کہا کہ جیل بھرو تحریک پاکستان کو قانون کی حکمرانی کی طرف گامزن کرنے کی ضمانت ہے، امید کرتے ہیں کہ قوم ہماری جیل بھرو تحریک میں ہمارا بھرپور ساتھ دے گی۔



















