وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کفایت شعاری اقدامات پر بھرپور عملدرآمد کے لئے ایک مانیٹرنگ کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکومتی سطح پر کفایت شعاری اور سادگی کی پالیسی کے نفاذ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے کفایت شعاری اقدامات پر عمل درآمد کے لیے مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، کمیٹی میں ہر اتحادی جماعت کے کابینہ رکن کی نمائندگی ہوگی۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں کفایت شعاری اور سادگی کے حوالے سے جو تاریخ ساز فیصلے لئے گئے ان کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے، ان فیصلوں پر عملدرآمد سے قومی خزانے کی بچت ہو گی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان فیصلوں کو عوام میں بے حد پذیرائی ملی ہے تاہم مؤثر نتائج کا انحصار اقدامات پر بھرپور عملدرآمد میں ہے۔
شہباز شریف نے تاکید کی کہ مذکورہ فیصلوں پر نفاذ میں کسی قسم کی تاخیر قابل قبول نہیں ہو گی اور ان کا نفاذ سختی سے ہوگا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے ایک مانیٹرنگ کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس کم از کم ہر دو ہفتے بعد منعقد کیا جائے۔















