Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلوچستان: کیچ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے والے 8 دہشت گرد آپریشن کے دوران ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا تاہم دہشت گرد اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی بزدلانہ کوشش کو بغیر جانی نقصان کے ناکام بنایا اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے 23 فروری کی صبح مازا بند میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کی اطلاع پر آپریشن کیا، اس دوران دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 8 دہشت گرد مارے گئے جب کہ فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز دشمن کی جانب سے امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنادیں گی۔

متعلقہ خبریں