وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ احتجاج ہر کسی کا حق ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کلمہ چوک انڈر پاس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے یہ انڈر پاس کھول دیا جائے گا، ٹیم نے دن رات کام کیا ہے، سب کو مبارکباد دیتا ہوں، دو دن میں لاہور کی ٹریفک کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے انہیں سیاست کرنے سے منع نہیں کیا، اس معاملے میں ہم نے کوئی قانون سازی نہیں کی ، جب بھی الیکشن ہوگا ہم بالکل تیار ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جب احتجاج کررہی تھی پی ایس ایل کی ٹیمز لاہور پہنچ رہی تھی، ہماری کابینہ پی ایس ایل کے اخراجات کی منظوری دینے کے لئے تیار نہیں ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن ہمیں پی ایس ایل کی سیکیورٹی کو دیکھنا ہے جبکہ جب بھی الیکشن کرانے کی تاریخ آتی ہے ہم الیکشن کروانے کے لئے تیار ہیں۔
اس سے قبل نگران وزیراعلیٰ پنجا ب محسن نقوی نے سی بی ڈی مین بلیوارڈکلمہ چوک سے سنٹر پوائنٹ تک انڈرپاس ری ماڈلنگ پراجیکٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے منصوبے کا معائنہ کیا اورکارپٹنگ ودیگر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا جبکہ محسن نقوی کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
محسن نقوی نے پی ایس ایل اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر پراجیکٹ کوفروری تک مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پرسی بی ڈی مین بلیوارڈکلمہ چوک سے سنٹر پوائنٹ تک انڈرپاس ری ماڈلنگ پراجیکٹ کو ڈھائی ماہ کی قلیل مدت میں ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ منصوبے سے نہ صرف ٹریفک کی بلا تعطل روانی میں مدد ملے گی بلکہ کرکٹ شائقین کے لیے آمدورفت میں سہولت ہوگی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل اورشہریوں کو آمد و رفت میں آسانی کیلئے پراجیکٹ کو وقت سے پہلے ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے، منصوبے کو دن رات محنت کے بعد مکمل کیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزید کہا کہ منصوبے پر کام کرنے و الے متعلقہ افسران اورعملہ کی محنت اورکاوشیں لائق تحسین ہیں، پی ایس ایل 8سے پہلے پراجیکٹ کی دونوں لینزاب ٹریفک کیلئے اوپن ہے۔
صوبائی وزراء بلال افضل، عامر میر،ڈاکٹر جاوید اکرم،اظفرعلی ناصر،کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا،سی سی پی او لاہور، چیف آپرٹینگ آفیسر سی بی ڈی ڈی اے بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ،این ایل سی اور دیگرحکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔



















