حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ہم اس مہنگائی کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر احتجاج کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آفتاب صدیقی نے صدارت کا منصب سنبھال کر پہلا انتخاب ضلعی وسطی کا کیا، لیاقت آباد والے جیل جانے کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج صرف ہر گلی میں عمران عمران ہے، زرداری صاحب سن لیں کراچی والے جیلوں میں جاکر اپنے جوش و جذبے کا بتائیں گے۔
حلیم عادل شیخ نےیہ بھی کہا کہ پاکستان کے قیام کیلئے قربانیاں دینے والی عوام عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ گوروں کی ناجائز اولادیں ملک کو معاشی قتل کررہے ہیں جنہوں نے انجنیرنگ کی انہوں نے کبھی سوچا تھا کہ عوام ایسا ردعمل دیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج عمران خان کے ورکرز کھلاڑی میدان میں ہیں، میرا لیڈر عمران خان عوام کیلئے گولیاں کھارہا ہے، عمران خان کو اللہ نے بچالیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں خودکشیوں کا عمل شروع ہوگیا ہے، ڈالر کہاں سے کہاں چلا گیا،12 کا نان آج 20 کا ہے 300 کی مرغی 750 کی ہوگئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ عمران خان کی تحریک اب آخری مراحل میں ہے، ہم اس مہنگائی کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر احتجاج کریں گے اور عمران خان کو لائیں گے۔



















