Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر کی عمران خان سے ملاقات

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر اشتیاق خان کی زمان پارک آمد ہوئی جہاں انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی ملاقات کی۔

ملاقات میں عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا انتخاب جیتنے پر صدر اشتیاق خان اور دیگر کو مبارک باد دی۔

لاہور ہائی کورٹ بار کے نو منتخب صدر کی جانب سے ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے سابق وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور موقف کی تائید کی گئی۔

ملاقات میں لاہور ہائی کورٹ بار کے نو منتخب صدر نے حکمران اتحاد خصوصاً مسلم لیگ (ن) کے عدلیہ پر دباؤ اور حملوں کی شدید مذمت کی اور ساتھ ہی ملک میں سیاسی انتقام اور بنیادی دستوری حقوق کی پامالیوں کے سلسلے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔

اشتیاق خان نے کہا کہ آئین سے انحراف اور عدلیہ پر حملے ملک میں لاقانونیت کے فروغ کی قابل مذمت کوشش ہیں، قانونی برادری آئین کے تحفظ اور عدلیہ کی آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر اشتیاق خان نے مزید کہا کہ فوجی آمر کے خلاف وکلاء کی بے مثال جدوجہد آج کے طالع آزمائوں کے لیے ایک واضح حوالہ ہے ، کسی صورت آئین کو تختہ مشق بنائے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ملاقات میں تحریک انصاف اور انصاف لائرز فورم کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں