Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سپریم کورٹ کا فیصلہ، تحریک انصاف کی مشاورت میں تیزی

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مشاورت میں تیزی آگئی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ سپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان آج پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کراؤ مہم تیز کرنے پر مشاورت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومت پر الیکشن کروانے کے حوالے سے مزید دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا کے پی اور پنجاب میں 90 دن میں انتخابات کروانے کا حکم

اس کے علاوہ ملاقات میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پارٹی امیدواروں کی ٹکٹس فائنل کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا تاہم جیل بھرو تحریک اور دیگر معاملات پر بھی غور ہوگا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ عمران خان پارٹی رہنماؤں کو آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں اہم ہدایات دیں گے اور اس دوران سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد گرفتار رہنماؤں کی ضمانت کے بارے میں بھی مشاورت ہوگی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عمران خان کا قوم سے خطاب بھی متوقع ہے۔

سینئر قانون دان کا سپریم کورٹ کے فیصلے کو جمہوریت اور آئین کی جیت کی قرار

دوسری جانب سینئر قانون دان حامد خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو جمہوریت اور آئین کی جیت کی قرار دے دیا۔

 پی ٹی آئی کے سینئر رہنما حامد خان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ گورنرز کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے، گورنرز نے آئین کی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ گونرز کے خلاف کارروائی سے لوگوں کو پتہ چلے گا کہ آئین کی خلاف ورزی ہے کیا نتائج ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے 90 روز میں الیکشن نہ ہونے کو آئین کی خلاف ورزی قرار دے دیا

سینئر قانون دان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی بات مان کر گونرز اگر آئین کی خلاف ورزی کریں تو یہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔

حامد خان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس معاملے میں بہت کمزوری دکھائی، الیکشن کمیشن نے بہانہ بنایا کہ ہمارے پاس نہ پیسے ہیں اور نہ ہی سیکیورٹی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 90 دن میں انتخابات کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں