لاہور ہائی کورٹ نے اوگرا کے چھ افسران کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں اوگرا کے چھ افسران کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس سرفرازعلی ڈوگر نے ضمانت منسوخی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔
حکومت پاکستان نے اوگرا کی سابق چیئرپرسن عظمیٰ عادل سمیت سات افراد کی ضمانتیں منسوخی کے لیے رجوع کیا ہے۔ عدالت میں وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ پیش ہوئے۔
عدالت میں تمام ملزمان افسربھی پیش ہوئے۔
وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ نے دلائل دیے کہ ان افسران نے اپنے اختیارات کا ناجائز اور غلط استعمال کیا۔ من پسند افراد کو گیس کے ٹھیکے اونے پونے داموں دیے۔ جس سے قومی خزانے کو اربوں کا نقصان ہوا۔ ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس ان ملزمان کی ضمانتیں منظورکیں۔
اسد باجوہ نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت اس کا نوٹس لے اور لی گئی ضمانتیں کینسل کرے۔
