Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ماحول بناکر 90 دنوں میں الیکشن پر سوال اٹھایا جارہا ہے، عمران خان 

سابق وزیراعظم عمران خان نے خود پر دوبارہ حملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جن کی ذمہ داری حفاظت کرنا ہے ، مجھے ان سے ہی خطرہ ہے، یہی لوگ تو میری جان کے دشمن ہیں۔ 

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی قوم  کی طرف سے عدلیہ کو مبارکباد دیتا ہوں، وہ قوم ترقی کرتی ہے جہاں قانون کی حکمرانی اور انصاف ہو، نیسلن منڈیلا نے کہاکہ اگر غربت ختم کرنی ہے تو قانون کی حکمرانی قائم کریں۔

انہوں نے کہا کہ آج ایسے حالات ہوگئے ہیں کہ ہر جگہ سے پیسے مانگنے پڑتے ہیں، ملک پر آج مافیا کا قبضہ ہے، یہ لوگ گزشتہ 9 ماہ سے ملک پر قبضہ کر کے  بیٹھے ہوئے ہیں، ان لوگوں نے اقتدار میں آکر صرف اپنے قرض معاف کرائے، انہوں نے ہر  ممکن  کوشش کہ کسی طرح انتخابات  نہ ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ تمام ججز نے کہا کہ 90 دن میں الیکشن کروانے ہیں، پہلے بھی ایسے فیصلے ہوتے تو ملک آج بہت آگے چلاجاتا، انہوں نے جوڈیشری کو تقسیم کیا ہے، ن لیگ ہمیشہ انصاف سے بھاگتی ہے، یہ آزاد عدلیہ کبھی نہیں چاہتے، وہ لوگ آکشن کے ذریعے اقتدار میں آتے ہیں۔

 وزیر قانون نے شرمناک بیان دیکر عدلیہ کو  تقسیم کرنے کی کوشش کی

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر وزیرقانون کا بیان شرمناک ہے، وزیرقانون کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ سپریم کورٹ کا کے پی اور پنجاب میں 90 دن میں انتخابات کروانے کا حکم

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت کو انہوں نے نقصان پہنچایا، انہوں نے باہر  کی قوتوں کو ملا کر حکومت گرانی کی سازش کی،  یہ لوگ الیکشن سے ڈرتے ہیں،  نیب قانون میں ترمیم کر کے 1100ارب کا  خود کو فائدہ پہنچایا۔

ہمارے مخالفین کو نگران حکومت میں بٹھایا گیا 

عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمارے مخالفین کو نگران حکومت میں بٹھایا، الیکشن کمیشن ان لوگوں سے فنڈنگ کے بارے میں کیوں نہیں پوچھتا؟ عدالت نے حکم دیاہے کہ تمام جماعتوں کے کیسز ایک ساتھ سنے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے توشہ خانہ سے 4گاڑیاں نکالیں، چیلنج کرتا ہوں جس دن یہ عدالت میں جائے گا یہ کیس فارغ ہوجائے گا،  ہم نے توشہ خانہ کی رقم 20 سے بڑھاکر 50فیصد کی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھ پر حملہ ہوا تو3 افراد کے نام بتائے، مجھ پر ہونے والے حملے سے متعلق نوازشریف کو لندن میں پتہ تھا، نگران حکومت نے جے آئی ٹی میں اپنے لوگ لگائے، نگران حکومت کو جے آئی ٹی ختم کرنے کی کیا ضرورت تھی۔

یہ لوگ خوفزدہ ہیں مجھ پر ایک اور حملہ ہونے والا ہے

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ میں وکلا نے عدالت کو بتایاکہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، یہ لوگ خوفزدہ ہیں مجھ پر ایک اور حملہ ہونے والا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی تو دوسری طرف بے روزگاری بڑھ رہی ہے، ملک پر قرض چڑھ رہاہے  اور ان لوگوں کے پاس پیسے نہیں، الیکشن کا نام سن کر پی ڈی ایم کی ٹانگیں کانپ جاتی ہیں۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ حفاظت جن کی ذمہ داری ہے، مجھے انہیں سے خطرہ ہے، سیکیورٹی ادارے رانا ثنااللہ اور شہبازشریف کے ماتحت ہیں، کیا شہباز شریف، رانا ثنا اللہ اور ڈرٹی ہیری میری حفاظت کریں گے، یہی لوگ تو میری جان  کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف مزید دو مقدمات بنائے ہیں، عوام نے الیکشن کمیشن کے باہر پرامن احتجاج کیا تو میرے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ بنادیا گیا، اب مقدمات کی تعداد 70 سے زیادہ ہوگئی ہے، نام نہاد مقدمات کر کے عدالتوں میں دھکیلا جاتا ہے اور  پیشی پر جاتا ہوں تو سیکیورٹی موجود نہیں ہوتی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 90 دن میں انتخابات کروانے کا حکم دے دیا۔

متعلقہ خبریں