Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خواتین ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کا اہم حصہ ہیں، پرویز اشرف

پرویز اشرف نے کہا ہے کہ خواتین ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کا اہم حصہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اقوام متحدہ کی خواتین کی کنٹری نمائندہ شرمیلا رسول سے ملاقات کی جس میں پرویز اشرف نے تمام خواتین کو تعلیم، صحت اور معاشی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آئین ہر پاکستانی خاتون کو تمام بنیادی حقوق کی فراہمی کی ضمانت دیتا ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ خواتین ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کا اہم حصہ ہیں، خواتین پر مشتمل اقتصادی پالیسیاں ملک میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ضروری ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ شناختی کارڈ شناخت کا بنیادی جزو ہے،خواتین خصوصاً دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین جن کو شناختی کارڈ کے اجراء میں حائل رکاوٹوں کا سامنا ہے، ان رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اس سلسلے میں وہ چیئرمین نادرا سے ملاقات کریں گے۔

ملاقات میں موجود رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر نے کہا کہ وویمن پارلیمانی کاکس (ڈبلیو پی سی) خواتین دوست قانون سازی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈبلیو پی سی تمام خواتین کو بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک متفقہ منشور جاری کرے گی۔

اقوام متحدہ کی خواتین کی کنٹری نمائندہ شرمیلا رسول نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں پالیسی سازی میں شامل کرنے کے سپیکر قومی اسمبلی کے وژن کو سراہا جبکہ انہوں نے خواتین دوست قانون سازی کو یقینی بنانے کے لیے ڈبلیو پی سی کے کردار کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقوام متحدہ خاص طور پر ملازمت اور معاشی آزادی کے شعبے میں پاکستانی خواتین کی حمایت جاری رکھے گی۔

متعلقہ خبریں