مریم نواز نے کہا ہے کہ شیرہی قوم کو مسائل اور انہیں پیدا کرنے والے گیدڑوں سے نجات دلائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ ڈویژن کی مرکزی تنظیم کااجلاس ہوا جس میں خواجہ آصف، پرویزرشید، راناثنااللہ، خرم دستگیر اور دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ الیکشن ہو یا فسطائیت کا مقابلہ گوجرانوالہ سب سے آگے ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیم گوجرانوالہ نے پارٹی کے دیگر ڈویژنز کوچیلنج دیا ہے، امید اور یقین ہے پارٹی کے تمام ڈویژنز اس چیلنج کو قبول کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت ایماندار، نیک نام ، عوام کی کارکردگی کے امتحان میں سرخرو ہوئی، الزام لگانے والے آج منہ چھپاتے پھرتے ہیں اور تماشہ کرنے والے گھروں میں قید ہوچکے ہیں۔
مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں ڈوبا ملک پہلی بار ہمیں نہیں ملا، ملک مسائل میں ڈوب جاتا ہے تب ہی نواز شریف اور شہبازشریف کو آنا پڑتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آج مشکل ضرور ہے لیکن اللہ کی مدد سے معاشی اندھیرے بھی ختم ہوں گے، سازشیوں کی سازش ہےکہ معیشت نہ سنبھلے۔
سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران داری کا ٹرک ڈرائیورز سمیت پکڑا جا چکا ہے، مریم نواز کے جملے پر اجلاس میں قہقہے لگ گئے ، شیرہی قوم کو مسائل اور انہیں پیدا کرنے والے گیدڑوں سے نجات دلائے گا۔



















