Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مریم نواز پارٹی کو نئی لائن پر استوار کرنا چاہتی ہیں، خواجہ آصف

خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مریم نواز پارٹی کو نئی لائن پر استوار کرنا چاہتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ ڈویژن کی مرکزی تنظیم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان صرف لوگوں کو وضاحت دیتا ہے کہ وہ گرفتاری کیوں نہیں دے رہا، بزدل آدمی جیل جانے سے ڈرتا ہے اور ورکرز کو کہتا ہے جیلیں بھرو خود زمان پارک میں بیٹھا ہوا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ نوجوان نسل کو آگے لانا چاہیے، مریم نواز نے پارٹی آرگنائزیشن کے حوالے سے بات کی ہے، مریم نواز پارٹی کو نئی لائن پر استوار کرنا چاہتی ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ جن لائن پر مریم نواز پارٹی کو استوار کرنا چاہتی ہیں اس سے پارٹی کو بہت فائدہ ہوگا اور جہاں پر پرانا تنظیمی ڈھانچہ ٹھیک کام کررہا ہے وہ جاری رکھا جائے گا۔

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ ڈویژن کی مرکزی تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ الیکشن ہو یا فسطائیت کا مقابلہ گوجرانوالہ سب سے آگے ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیم گوجرانوالہ نے پارٹی کے دیگر ڈویژنز کوچیلنج دیا ہے، امید اور یقین ہے پارٹی کے تمام ڈویژنز اس چیلنج کو قبول کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت ایماندار، نیک نام ، عوام کی کارکردگی کے امتحان میں سرخرو ہوئی، الزام لگانے والے آج منہ چھپاتے پھرتے ہیں اور تماشہ کرنے والے گھروں میں قید ہوچکے ہیں۔

مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں ڈوبا ملک پہلی بار ہمیں نہیں ملا، ملک مسائل میں ڈوب جاتا ہے تب ہی نواز شریف اور شہبازشریف کو آنا پڑتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ آج مشکل ضرور ہے لیکن اللہ کی مدد سے معاشی اندھیرے بھی ختم ہوں گے، سازشیوں کی سازش ہےکہ معیشت نہ سنبھلے۔

سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران داری کا ٹرک ڈرائیورز سمیت پکڑا جا چکا ہے، مریم نواز کے جملے پر اجلاس میں قہقہے لگ گئے ، شیرہی قوم کو مسائل اور انہیں پیدا کرنے والے گیدڑوں سے نجات دلائے گا۔

متعلقہ خبریں