عالمی یومِ نسواں کے موقع پروفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہےکہ مسلم دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم پی پی پی کا اعزاز ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی پی پی چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کی مساوی اور بھرپور شراکت کے بغیر پاکستان کو امن، خوشحالی اور ترقی پسند سوچ کا گہوارہ بنانے کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ تعلیم و تربیت اور پیشہ وارانہ سیکٹرز سے لے کر سیاست اور اعلیٰ پالیسی ساز ادروں تک ہر شعبے میں خواتین کی شمولیت ضروری ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور خود اعتماد خواتین پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی خواتین کی قدر و منزلت کے حوالے سے منفرد تاریخ رکھتی ہے۔ مسلم دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم پی پی پی کا اعزاز ہے۔ اسلامی دنیا کی پہلی خاتون اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیرخارجہ بنانا بھی پی پی پی کا طرہ امتیاز ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے مختصر ادوارِ حکومت کے باوجود خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کے لیے ٹھوس اقدامات کیے۔
انھوں نے کہا کہ فرسٹ ویمن بنک، ویمن پولیس اسٹیشنز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کا آغاز شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خود کیا تھا، پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنی شہید چیئرپرسن کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے خواتین کیمعاشی خودمختاری کے لیے کئی پروگرام متعارف کرایا۔ ایسے منصوبوں میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، اور یونین کائونسل سطح پر کاروبار کے لیے خواتین کو بلاسود قرضے کی فراہمی شامل ہیں۔
وزیرخارجہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ بے زمین خواتین کسانوں کو زرعی زمین اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں خواتین کو رہائشی پلاٹوں کی مالکانہ حقوق جیسے کامیاب پروگرامز متعارف کرائے گئَے ہیں، کمیشن برائے خواتین کے قیام، اینٹی ویمن پریکٹس ایکٹ، اینٹی ایسڈ کرائیمز کا قانون اور پروٹیکشن آف ویمن ایٹ ورک پلیس جیسی قانونسازی کی۔ چائلڈ میریجز رسٹرینٹ ایکٹ، سندھ میٹرنٹی بینیفٹس ایکٹ، سندھ ایگریکلچر وومن ورکرز ایکٹ اور سندھ ہوم بیسڈ ورکرز ایکٹ جیسے قوانین بنائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ پروموشن آف بریسٹ فیڈنگ اینڈ نیوٹریشن ایکٹ، سندھ چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ اور کم عمر لڑکیوں کی شادی کی روک تھام کے حوالے سے قانون سازی بھی پی پی پی کا طرہ امتیاز ہے۔ پیپلز پارٹی حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں، خواتین کے حقوق کے حوالے سے کبھی رتی برابر بھی مصلحت کا شکار نہیں ہوئی۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا کہ پاکستانی خواتین کو زندگی کی ہر شعبے میں برابری حاصل ہو۔ ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس خواب کو پایئہ تکمیل پر پہنچانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔



















