سندھ بھر کے تمام میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانی بورڈز اب خود میٹرک اور انٹر کے امتحانات نہیں لے سکیں گے بلکہ امتحانات لینے اور نتائج کے اجراء کا کام پرائیویٹ ادارہ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات اور نتائج کا کام پرائیویٹ ادارے کو سونپ دیا گیا، محکمہ بورڈز اور جامعات کی جانب سے سندھ کے تمام میٹرک اورانٹربورڈزکو خط ارسال کردیے گئے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ میٹرک اور انٹر کے امتحانات اور نتائج مرتب کرنے کے دوران کی گئی بدعنوانی کی متعدد شکایات کی وجہ سے صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے بطورکنٹرولنگ اتھارٹی سسٹم کی منظوری دی جس کے بعد تمام چیئرمین بورڈز کو امتحانی نظام آؤٹ سورس کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ امتحانی عمل کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے کیا گیا ہے جس کا مقصد شفافیت اور انصاف ہے اور بدعنوانی کی حوصلہ شکنی کرنا ہے، تمام چیئرمین بورڈز سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً ترمیم شدہ سپرا کے قواعد 2010 کے مطابق کھلی مسابقتی بولی کے عمل کے ذریعے امتحانی نظام کو آؤٹ سورس کرنے کے لیے اقدامات کریں۔



















