پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت ڈویژنل سطح کا اجلاس ختم ہوگیا جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز اور عہدیداروں کو بولنے کا موقع دیا گیا۔
اجلاس میں متعدد ارکان اسمبلی نے مریم نواز کے سامنے مہنگائی کے شکوے کرتے ہوئے کہا کہ جس قدر مہنگائی ہورہی ہے عوام پارٹی سے نالاں ہورہی ہے۔
جس پر مریم نواز کا پارٹی رہنماؤں کو مہنگائی کہ اصلیت عوام تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بتائیں مہنگائی عمران خان کی وجہ سے ہورہی ہے۔
مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو پنجاب کے الیکشن کے لیے بھرپور تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جو امیدوار اپنے آپ کو حلقے میں کمزور سمجھتا ہے وہ اپنے کاغذات جمع نہ کروائے جب کہ کل پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا جائے گا جو آئندہ ہفتے تک ٹکٹیں فائنل کرے گا۔



















