شاہ محمودقریشی نے کہا ہےکہ ڈی آئی جی سے گزارش ہےحالات کو نہ بگاڑیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے زمان پارک لاہور میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل کی ریلی اور مینار پاکستان جلسےکے اعلان سے انکی ہوا نکل چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جانی اور مالی نقصان چاہتے ہیں لیکن ہم خون خرابہ نہیں چاہتے، مجھ سے ملیں اور بات کریں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان حفاظتی ضمانت پر ہیں لیکن حفاظتی ضمانت کے باوجود یہ عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں، وارنٹ مجھے دیں ،پڑھ کر عمران خان سےبات کروں گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ باہمی مشاورت سے راستہ نکالنے کے لیے تیار ہیں، قانون کو ہاتھ میں نہ لیا اور نہ لینا چاہتے ہیں، ہم پرامن رہنا چاہتے ہیں کیا آپ لاشیں گرانا چاہتےہیں؟
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پولیس یہاں افراتفری پیدا نہ کرے، پہلے ہی ایک لاش ظل شاہ کی گر چکی ہے، ڈی آئی جی سے گزارش ہےحالات کو نہ بگاڑیں۔



















