پاکستان نے سعودی عرب اور ایران کے مابین سفارتی تعلقات بحال ہونے کا پرتپاک خیر مقدم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خاجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے ایک بیان می کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے مابین سفارتی تعلقات بحال ہونے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور تاریخی معاہدے کو مربوط بنانے میں چین کی دور اندیش قیادت کے کردار کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پختہ یقین ہے کہ یہ اہم سفارتی پیشرفت خطے اور باہر امن، استحکام میں معاون ثابت ہوگی، چین کی کاوش تعمیری سفارتکاری اور بامعنی بات چیت کی طاقت کو ظاہر کرتی ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے یہ بھی کہا کہ مثبت پیشرفت پر سعودی عرب اور ایران کی مدبرانہ قیادت کو سراہتے ہیں، پاکستان دونوں برادر ممالک کے مابین خلیج ختم کرنے بارے تعاون کی تاریخ رکھتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ اور خطے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا، امید ہے کہ یہ مثبت قدم علاقائی تعاون اور ہم آہنگی کے لیے ڈھانچے کو متعین کرے گا۔



















