Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں ہیوی ٹریفک پر پابندی؛ فریقین کو رپورٹ کا جائزہ لینے کی ہدایت

کراچی میں ہیوی ٹریفک پر پابندی کے معاملے میں عدالت نے فریقین کو رپورٹ کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں شہر میں ہیوی ٹریفک پر پابندی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، ڈی آئی جی ٹریفک و دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کرادیا گیا۔

عدالت نے فریقین کو ہدایت کی کہ بنیادی استعمال کی اشیا سے متعلق واضح طور پر بتایا جائے، بنیادی استعمال کی اشیاء میں کیا کیا شامل ہیں اس حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک بھی اپنا جواب جمع کرائیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ ہم کوئی ایسا آرڈر جاری نہیں کرنا چاہتے جس سے لوگوں کے بنیادی حقوق متاثر ہوں، لوگوں نے کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ریلوے کے ذریعے کنٹینرز کو منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے کنٹینرز یارڈ بھی موجود ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ بنیادی اشیا میں کون کونسی اشیاء شامل ہیں؟ وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ بنیادی اشیا میں 60 کے قریب اشیاء شامل ہیں۔

ٹرانسپوٹرزنے عدالت کو بتایا کہ 25 دسمبر 2022 کے عدالتی حکم کے بعد ضروری اشیاء کی ٹرانسپورٹیشن پر پابندی لگائی گئی ہے۔  ہم نے 34 اشیا کی فہرست عدالت میں جمع کرائی ہے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ کنسٹرکشن میٹریل پر پابندی سے سب سے زیادہ سرکاری پروجیکٹ متاثر ہورہے ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ ضروری اشیا سے متعلق معاملات 2014 میں حل ہوچکے ہیں۔ ان اشیا میں فوڈ آئٹمز، پانی و غیرہ دیگر شامل ہیں۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی جانب سے پیش رفت رپورٹ جمع کرادی گئی۔

عدالت نے کہا کہ تمام فریقین رپورٹ کا جائزہ لے کر آئیں۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ بس ٹرمینل کے معاملات سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے درخواست کی مزید سماعت 3 اپریل تک ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version