وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی چوری روکنے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیاں صوبوں کو منتقل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیرِ اعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کو منتقل کرنے کیلئے کمیٹی قائم کی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کمیٹی صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ٹرمز آف ریفرنس اور معینہ مدت کا تعین کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی چوری روکنے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، حکومت نے صوبوں کے ساتھ مل کر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے کو کم کرنے کی حکمتِ عملی مرتب کرلی ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ملک میں بجلی چوری کرنے والے عناصر کا مؤثر سد باب کریں گے، وفاق صوبوں کی استعداد بڑھانے کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ صوبوں کے پاس بجلی کے بلوں کی وصولیوں کیلئے بہتر انتظامی ڈھانچہ موجود ہے، وصولیوں کیلئے بہتر انتظامی ڈھانچہ بجلی کے گردشی قرضے کو ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔



















